پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے میں زندہ بچ جانے والے طالبعلم کا بڑا اعزاز

07:39 PM, 4 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

پشاور : آرمی پبلک سکول پر سال 2014 میں دہشتگردانہ حملے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان احمد نواز  آکسفورڈ یونین ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے صدر بن گئے ۔ یہ اعزاز اس سے پہلے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے پاس تھا ۔ 

21 سالہ احمد نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی رہنماؤں کے ساتھ انتہائی اہم مسائل پر بحث کرنے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اظہار رائے کی آزادی کو برقرار رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔

احمد نواز نے 2020 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کیا اور لیڈی مارگریٹ ہال میں فلسفہ اور تھیولوجی کی تعلیم حاصل کی۔ڈیبیٹنگ سوسائٹی کا صدر منتخب پر احمد نواز کو پاکستان بھر میں سراہا جارہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی نے بھی نوجوان کو خراج تحسین پیش کیا۔

  وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پختہ عزم اور قوت ارادی سے یہ عظیم اعزاز اور متاثر کن سفر ہوا ہے، احمد نواز نے ہمارے نوجوانوں کے لیے قابل تقلید مثال قائم کی ہے، پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ ہماری تمام امیدیں پاکستان کے نوجوانوں سے وابستہ ہیں، میں سانحہ اے پی ایس میں بہادری سے مقابلہ کرنےوالے احمد نواز کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پرمبارکباد دیتاہوں ۔

مزیدخبریں