حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے اقدامات کررہی ہے ، مریم اورنگزیب

05:48 PM, 4 Jul, 2022

اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بجلی کے منصوبوں پر توجہ ہی نہیں دی ۔  ملک میں بجلی کی پیداوار 23 ہزار 9 سو میگا واٹ ہے جبکہ طلب 30 ہزار میگاواٹ ہے ۔ اگر پچھلی حکومت بجلی کے منصوبوں کی اہمیت کو سمجھتی تو یہ حالات نہ ہوتے ۔ 

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب اور قمر زمان کائرہ نے کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بابت معاملات پر بات کی ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سابق دور میں بروقت فیصلے نہیں کئے گئے ۔ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے اور حکومت کو اس بات کا احساس ہے ۔ پچھلے دور میں قوم سے جھوٹ بولا گیا کہ ہمارے پاس چالیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔پچھلی حکومت اگر وقت پر منصوبے پورے کرتی تو یہ حالات نہ ہوتے ۔ 

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرائن کی جنگ کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایسے حالات نہیں ہیں کہ فوری طورپر بجلی کے کارخانے لگائے جاسکیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ جہاں پر بجلی زیادہ چوری ہوتی ہے وہاں پر لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہوتی ہے ۔  قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی طلب تیس ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 26 ہزار میگاواٹ ہے  جبکہ 283 ارب کا سرکلر ڈیٹ بڑھا ہے ۔ 

مزیدخبریں