نیب میں نئی تقرریاں و تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

03:15 PM, 4 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) میں نئی تقرریاں اور تبادلے کرتے ہوئے ڈی جی نیب سکھر مرزا سلطان محمد سلیم کو ڈی جی نیب لاہور تعینات کر دیا گیا ہے اور نئی تقرریوں و تبادلوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) میں تقرریوں و تبادلوں پر لگائی پابندی ختم ہو گئی جس کے بعد قومی احتساب بیورو کی جانب سے نئی تقرریوں و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی جی نیب سکھر مرزا سلطان محمد سلیم کو ڈی جی نیب لاہور تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ڈی جی نیب لاہور مرزا شہزاد سلیم ڈی جی اے اینڈ پی ڈویڑن نیب ہیڈ کوارٹر تعینات کر دئیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈی جی نیب آپریشن ڈویژن نیب ہیڈ کوارٹر مسعود عالم خان کو ڈی جی نیب سکھر تعینات کیا گیا ہے اور ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کو بطور ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نیب ہیڈ کوارٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ کو ڈی جی نیب راولپنڈی اور نعمان اسلم کو ڈائریکٹر جنرل (او پی ایس) نیب بلوچستان جبکہ مرزا محمد عرفان بیگ کو بطور ڈی جی او پی ایس ڈویژن نیب ہیڈ کوارٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق فیاض احمد قریشی ڈی جی نیب ملتان جبکہ جمیل احمد ڈی جی ایچ آر ایم نیب ہیڈ کوارٹر تعینات کر دئیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 20 مئی 2022ءکو سپریم کورٹ نے ہائی پروفائل کیسز میں تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے نیب لاہور اور ایف آئی اے سے افسران کے تبادلوں اور تقرریوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور مقدمات واپس نہ لینے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں