اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث عوام کو عید کی چھٹیوں پر گھروں سے کم سے کم نکلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال سمارٹ لاک ڈاؤن کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے متعلق لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے، لوگ بازاروں میں جاتے وقت احتیاط کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کراچی میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض سامنے آرہے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ہسپتالوں میں بھی کورونا مریضوں میں اضافہ ہوا ہے، کورونا ایس او پیز وہی رہیں گے جبکہ سرکاری دفاتر کیلئے بھی ایس او پیز جاری کی گئی ہیں۔
وزیراعظم کی ہدایات پر ہم لوگ صوبوں سے مشاورت کر رہے ہیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے بھی رابطے کئے ہیں کیونکہ دو مذہبی اجتماع آ رہے ہیں، عید اور محرم بھی قریب ہے، بوسٹر ویکسین مہم 10 لاکھ تک لے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی تیاری مکمل ہے تاہم سمارٹ لاک ڈاؤن پر فی الحال غور نہیں کیا جا رہا جبکہ امید ہے کہ اس کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی تاہم ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی مناسب تعداد موجود ہے اور ہر طرح سے تیاری مکمل کر رکھی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر اور بعد میں شہری سیاحتی مقامات پر رش سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے، عوام سینیٹائزر اور ماسک کا استعمال بھی یقینی بنائیں۔