کوپن ہیگن: ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے شاپنگ مال میں ایک شخص نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کوپن ہیگن کے ایک شاپنگ مال میں نامعلوم مسلح نوجوان کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مال کے اطراف کی سڑکوں کو بند کر کے کارروائی کی اور حملہ آور کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 22 سالہ حملہ آور کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے رائفل اور دیگر آتشیں اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ اسے آج عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی بھی ہو سکتی ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔
ڈنمارک کے شاہی خاندان نے واقعے کے تناظر میں ایک استقبالیہ بھی منسوخ کر دیا ہے جس کی میزبانی کراؤن پرنس فریڈرک نے کرنا تھی جبکہ حکام کی جانب سے اس واقعے کی مذمت اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔