مظفر آباد: حکومت پاکستان کے وزیر کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران مختلف منصوبوں کے اعلانات پر آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد کے لیے آزاد کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا۔
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھےگئے خط میں کہا گیا ہےکہ حکومت پاکستان کے ایک وزیر کی طرف سے میرپور اور کوٹلی دورے کے دوران ایسے اعلانات بھی کیےگئے جو براہ راست ووٹ خریدنے کی ترغیب کے زمرے میں آتے ہیں۔
خط میں یہ بھی لکھا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران غیر شائستہ گفتگو ضابطہ اخلاق کی نہ صرف واضح خلاف ورزی ہے بلکہ آزادکشمیر کے پر امن ماحول کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ تمام سیاسی شخصیات جو پاکستان سے آکر کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی انتخابی مہم میں شریک ہیں انہیں ضابطہ اخلاق سے آگاہ کیا جائے اور انہیں اس امر سے بھی آگاہ کیا جائے کہ ان کا ایسا عمل جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے اور متعلقہ امیدوار کی نااہلی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔