ابوظہبی : متحدہ عرب امارات دنیا میں اپنے شہریوں کو سب سے زیادہ ویکسین لگانے والا ملک بن گیا ہے۔ امارات میں 72 فیصد سے زائد شہریوں کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگادی گئی ہیں۔
اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کا ہیلتھ سیکٹر انتہائی ترقی یافتہ ہے یہی وجہ سے کہ کورونا وبا کےدوران امارات نے بڑی کامیابی سے کورونا کی شرح اموات کو کم سے کم رکھا ہے۔ اب تک لاکھوں مریض بہترین علاج کی بدولت صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک امارات میں 70 فیصد سے زائد آبادی کو کورونا وائرس کی دو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ یواے ای ایک کروڑ 55 لاکھ خوراکیں دے کر عالمی سطح پر سب سے زیادہ ویکسین لگانے والا ملک بن گیا ہے۔
بلومبرگ کے ویکسین ٹریکر کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک امارات میں 72.1 فیصد آبادی کو کووڈ ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
ایک لاکھ سے بھی کم آبادی والا ملک سیچلز 71.7 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین دینے کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ یواے ای میں شامل سات ریاستوں کے تمام مکینوں اور شہریوں کو حکومت کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے ان میں سے چھ ریاستوں میں چین کی سرکاری دوا ساز کمپنی سائنوفارم کی ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ دبئی میں سائنو فارم کے ساتھ ساتھ امریکی ویکسین فائزر بھی لگائی جا رہی ہے۔