کراچی: لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی قیمت میں ممکنہ ہوشربا اضافے کے پیش نظر سی این جی ایسوسی ایشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ایل این جی پرجی ایس ٹی میں اضافے سے سی این جی کی قیمت میں 18 سے 30 روپے فی کلو کا اضافہ متوقع ہے جس پر سی این جی اسٹیشنز کے مالکان نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس کراچی میں طلب کیا گیا ہے جس میں نئی قیمتوں کے تعین اور اسٹیشن چلانے یا بند کرنے کے حوالے سے صلاح و مشورہ کیا جائے گا۔
غیاث پراچہ رہنما تاجر ایسوسی ایشن کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر وفاقی حکومت سے رابطہ قائم کیا ہے تاکہ پیدا شدہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے عہدیداران اس امر پر غور و خوص کررہے ہیں کہ اگر ایل این جی پر جی ایس ٹی کا نفاذ ہو گا تو کیا ان کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو آپریٹیو رکھنا ممکن ہو گا۔