اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور دھماکے سے متعلق ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے اور بھارت دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
اپنے ایک اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ناصرف دہشتگردوں کی مالی مدد بلکہ ان کو تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔ ہم نے بھارت کو بے نقاب کیا، مزید بھی کریں گے۔ کیا دنیا بھارت کی دہشتگردوں کی مالی مدد کا نوٹس لے گی؟ ہمیں اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان حکام کی جانب سے پاکستان پر بلا جواز تنقید ان کی پالیسیوں سے متعلق ناکامی کا ثبوت ہے۔ افغان عوام کی اکثریت اِس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات سے انہیں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے آئی جی پنجاب اور فواد چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا دھماکا کرانے والے بھارتی شہری کا تعلق" را" سے ہے اور ہمارے پاس تمام رابطوں کے شواہد موجود ہیں اور بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں ملوث ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے تیسرے ملک سے پیسے بھجوائے گئے تھے۔ دنیا ایسی دہشتگرد کارروائیوں پر خاموش رہے یا نہ رہے لیکن ہم انھیں بھارت کی دہشتگرد کارروائیوں کے بارے میں بتاتے رہیں گے۔ ہمارے اداروں نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا۔