ممبئی:بھارتی اداکارعامر خان نے سابق بیوی کا پھر ہاتھ تھام لیا ۔
بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان اور ان کی اہلیہ فلمساز کرن راؤ کی جانب سے کیے گئے طلاق کے اعلان کے بعد دونوں کی جانب سے پہلا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی میڈیا کی جانب سے عامر خان کی ایک ورچوئل انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، ویڈیو میں عامر خان کو کرن راؤ سے علیحدگی سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں عامر خان مداحوں سے مخاطب ہوتے کہہ رہے ہیں کہ ہماری علیحدگی سے آپ لوگوں کو دکھ بھی ہوا ہوگا، صدمہ بھی اور اچھا بھی نہیں لگا ہوگا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ہم بس آپ لوگوں کو اتنا کہنا چاہیں گے ہم بہت خوش ہیں اور ایک ہی خاندان ہیں، ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے لیکن ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں لہٰذا آپ لوگ ایسا کبھی مت سوچیے گا۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری فاؤنڈیشن آج بھی ہمارےے لیےاولاد (آزاد راؤ خان ) کی طرح ہے اسی لیے ہم ہمیشہ فیملی رہیں گے ہمارے لیے آپ دعا کیجیے کہ ہم خوش ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عامر خان اور کرن راؤ کی جانب سے علیحدگی سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اب ہم میاں بیوی نا ہونے کی حیثیت سے اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، لیکن بیٹے (آزاد راؤ خان) کے والدین کے طور پر ہم فیملی ہیں، ہم کافی عرصہ پہلے سے اس علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب یہ ہوچکی ہے۔