اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا پاکستان نے طویل عرصے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی اور بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کے شواہد موجود ہیں جبکہ لاہور میں دہشتگردی کے واقعے میں براہ راست بھارت ملوث تھا۔
آئی جی پنجاب اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کے شواہد موجود ہیں جبکہ لاہور میں دہشتگردی کے واقعے میں براہ راست بھارت ملوث تھا اور پاکستان نے طویل عرصے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا بندوبست پیٹر نے کیا جبکہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی چوری کی گئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 21جون کو عید گل نے اسی گاڑی میں پورے علاقے کی ریکی کی اور 23جون کو جوہر ٹاوَن دھماکہ ہوا تھا اور اس دھماکے میں 3افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے تھے اور 20کلوبارودی مواد گاڑی میں موجود تھا۔
آئی جی پنجاب نے مزید بتایا کہ پیٹر پال سے متعلق تمام شواہد اور ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے اور دھماکے میں ملوث تمام لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ کچھ لوگوں کا ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے جن کی تحقیقات کررہے ہیں اور یہ پورا نیٹ ورک ہمارے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا دھماکا کرانے والے بھارتی شہری کا تعلق" را" سے ہے اور ہمارے پاس تمام رابطوں کے شواہد موجود ہیں اور بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں ملوث ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے تیسرے ملک سے پیسے بھجوائے گئے تھے۔ دنیا ایسی دہشتگرد کارروائیوں پر خاموش رہے یا نہ رہے لیکن ہم انھیں بھارت کی دہشتگرد کارروائیوں کے بارے میں بتاتے رہیں گے۔ ہمارے اداروں نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا۔