فوک گلوکار الن فقیر کو دنیا چھوڑے 21 برس بیت گئے

فوک گلوکار الن فقیر کو دنیا چھوڑے 21 برس بیت گئے
سورس: file photo

لاہور : نامور سندھی فوک فنکار الن فقیر کو مداحوں سے بچھڑے 21 برس بیت گئے ۔وہ چار جولائی سال 2000 میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے ۔ 

پاکستان بھر میں فوک گائیکی کی پہچان الن فقیرکا اصل نام علی بخش تھا۔ وہ  1932ء میں سندھ کے علاقے مانجھندضلع دادو میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد دھمالی فقیر مشہور ساز شہنائی بجانے کے حوالے سے معروف تھے۔ یوں الن فقیر لوک گیت اور موسیقی سے شروع ہی سے مانوس ہوگئے۔ وہ سریلی آوازیں سنتے، مقامی سازوں کو دیکھتے اور انھیں‌ تھامنے اور بجانے کے فن کو سمجھتے ہوئے بڑے ہوئے تھے۔ اس ماحول نے ان کے اندر سوز و گداز پیدا کیا اور ایک وقت آیا کہ انھوں نے لوک فن کار کی حیثیت سے نام و مقام پیدا کیا۔

 مقامی سطح پر اپنے فن کامظاہرہ کرنے والے الن فقیر ریڈیو پاکستان اور اس کے بعد پاکستان ٹیلی وژن تک رسائی حاصل کرنے میں کام یاب ہوئے  اور پھر انھیں ملک گیر شہرت حاصل ہوگئی ۔ 

وہ اپنی گائیکی کے مخصوص انداز کی وجہ سے ہر خاص و عام میں مقبول تھے۔ پرفارمنس کے دوران سندھ کے روایتی ملبوس کے ساتھ ان کا منفرد اور والہانہ انداز حاضرین و ناظرین کی توجہ حاصل کرلیتا تھا۔ گائیکی کے دوران الن فقیر کا مخصوص رقص، جھومنا اور مست و سرشاری کا عالم اپنی مثال آپ تھا۔

سندھ کے عظیم شاعروں کا کلام گانے والے الن فقیر کا نام “تیرے عشق میں جو بھی ڈوب گیا، اسے دنیا کی لہروں سے ڈرنا کیا” اور “اتنے بڑے جیون ساگر میں تُو نے پاکستان دیا” جیسے گیتوں کی بدولت فن کی دنیا میں امر ہو گیا۔

1987ء میں حکومتِ پاکستان نے الن فقیر کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی جب کہ 1999ء میں پاکستان ٹیلی وژن نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ عطا کیا تھا۔ الن فقیر جامشورو میں آسودۂ خاک ہیں۔