اسلام آباد: پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد ایک کروڑ سڑسٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی، جون کے مہینے میں 8 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ویکسین لگائی گئیں۔
تمام اکائیوں کو این سی او سی کی جانب سے عیدالاضحی کیلئے مفصل ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں اور کورونا ایس او پیز پرعمل کیا جائے گا۔ تمام سٹاف اور تاجر وں کا ویکسین لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کو مویشی منڈیوں کے تمام داخلی راستوں پرہینڈ سینیٹائزر، ماسک اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولیات میسر کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ اندرون شہر عید قربان کے حوالے سے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال اور ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی این سی او سی کی قیادت میں وفد نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔
وفد نے گلگت، شگر اور ہنزہ کے ویکسین سنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عمائدین کو یقین دلایا کہ این سی او سی نے تمام سیاحتی مقامات کی ویکسین کیلئے رجسٹرڈ آبادیوں کو100 فیصد ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا کی روک تھام اور ویکسین کے عمل میں بہتری لانے کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔