کورونا میں سخت لاک ڈاؤن نہ لگانے کے باعث معیشت بہتر ہوئی: فرخ حبیب

Pakistan economy, right decision, Imran Khan, coronavirus, Farrukh Habib

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا میں سخت لاک ڈاؤن نہ لگانے کے باعث معیشت بہتر ہوئی اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ دور میں برآمدات 124 ارب ڈالر تھیں ۔ کورونا کے باوجود ہماری برآمدات 31 ارب ڈالر پر ہیں ۔ خود کو اہل کہنے والے ملک سے بھاگ کر لندن بیٹھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سروسز پلس گڈز ایکسپورٹس 60 ارب ڈالر سے اوپر چلی گئی ہیں ۔ 60 ارب ڈالر میں ایک پیسہ قرض کا نہیں ہے ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان سابق حکمرانوں کی طرح پیسہ غیر ملکی دوروں پر نہیں لگاتے ۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکے ۔ وزیراعظم منی لانڈرنگ نہیں کرتا اس لیے لوگوں کا ان پر اعتماد ہے ۔ سابق حکمران منی لانڈرنگ سے بیرون ملک محلات خریدتے رہے ۔ ن لیگ دور میں ترسیلات زر کم تھیں کیونکہ لوگوں کو اُن پر اعتماد نہیں تھا ۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں بیٹھ گئیں تھیں ، 3 ممالک ایسے ہیں جن کی معیشت بینک ڈیفالٹ پر پہنچ گئی ، ان حالات میں پاکستان میں مکمل لاک ڈاؤن لگانے کے مشورے دیئے جاتے تھے لیکن مشورہ دینے والوں نے غریب طبقے کے بارے میں نہ سوچا ۔ اپوزیشن ہم پر بھی لاک ڈاؤن کیلئے دباؤ ڈالتی رہی ۔ وفاقی حکومت نے مزدور طبقے کا سوچا اور لاک ڈاؤن نہ لگایا ۔ وزیراعظم عمران خان نے مخالفت کے باوجود اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی ۔ وزیراعظم نے کہا فیکٹریز اور زراعت بند نہیں کر سکتے ۔