پی ڈی ایم سوات میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

10:58 AM, 4 Jul, 2021

لاہور: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی صحت ٹھیک ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف کمر کس لی ، سوات میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سوات کے گراسی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے مولانا فضل الرحمان اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ جبکہ پی ڈی ایم کی اہم رہنما اور جارحانہ بیانیے کی حامی مریم نواز سوات جلسہ میں شرکت نہیں کریں گی ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف نے مریم نواز کو پی ڈی ایم جلسے میں شرکت سے روک دیا ہے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سوات جلسے میں شرکت کریں گے جبکہ پی ڈی ایم تین ماہ کے بعد عوامی جلسہ کر رہی ہے ۔

پی ڈی ایم اور ن لیگ کے پی کے رہنما مریم نواز کی عدم شرکت پر حیران ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز 7 جولائی سے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گی ۔

ادھر ، سوات انتظامیہ نے کورونا پھیلنے کے خوف اور دہشتگردی کے ڈر سے پی ڈی ایم کو سیاسی جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ۔

مزیدخبریں