فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 40 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، ہلاکتوں کا خدشہ  

10:57 AM, 4 Jul, 2021

منیلا: فلپائن میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ طیارے کو یہ حادثہ صوبہ سولو کے جولو آئس لینڈ میں لینڈنگ کے دوران پیش آیا، بدقسمت طیارے میں 85 افراد سوار تھے۔

فلپائن میڈیا کے مطابق جنرل سرلیتو سوبیجانا کی جانب سے جاری بیان میں فوجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سی 130 طیارے میں 85 مسافر سوار تھے جن میں سے 40 کو فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

جنرل سرلیتو سوبیجانا نے کہا کہ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں جبکہ مزید ہر ممکن مدد پہنچانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ اور فوجی ریسکیو ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں طیارے حادثے میں زخمی افراد کو جلد از جلد ہسپتال پہنچایا جائے تاکہ ان کی جان بچائی جا سکے۔

فلپائن کے ملٹری چیف نے کہا کہ فوج کے زیر استعمال یہ سی 130 طیارہ فوجیوں کو لے کر جنوبی صوبہ سولو پہنچا تھا۔ لیکن خراب موسم کے باعث پائلٹ رن وے کو صحیح طریقے سے دیکھ نہیں سکا، اس لئے لینڈنگ کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام افراد فوجی تھے۔ امدادی کارروائیوں کے ذریعے 40 جوانوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے لیکن امدادی کارروائیاں ابھی تک جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ہلاکتوں کے بارے میں کوئی بھی تصدیق نہیں کی جا سکتی کیونکہ طیارہ ایئرپورٹ کے نزدیک ایک گاؤں پر گرا۔ ہم دعاگو ہیں کہ اس حادثے میں کم سے کم جانی نقصان ہو۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ حادثے میں زخمی فوجیوں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔

ادھر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلپائن کی فورسز عرصہ دراز سے اس صوبہ میں ابو سیاف گروپ کے عسکریت پسندوں کیساتھ برسرییکار ہیں۔ حادثے کا شکار سی ون تھرٹی طیارہ تازہ دم دستے وہاں پہنچانے آیا تھا۔

مزیدخبریں