نیو دہلی: بالی ووڈ کے نامور اداکار عامر خان کی علیحدگی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فاطمہ ثناء شیخ نے اُن تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے جس میں عامر اور کرن راؤ کی علیحدگی کی وجہ اُن کو قرار دیا گیا ہے ۔
اپنے بیان میں بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ اُن کو یہ خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی ہے ۔ اُن کا اس علیحدگی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی باتیں کرنے والے اُن کو ذہنی اذیت دے رہے ہیں ۔
گزشتہ روز بالی وڈ سٹار اداکار عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ نے شادی کے پندرہ سال بعد ایک دوسرے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تھا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ہم اپنے بچےکے لئے بطور والدین ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے ان 15 سالوں میں ہم نے ایک ساتھ زندگی کے کئی مختلف تجربات کیے ڈھیروں خوشگوار لمحات ساتھ گزارے، ہمارا رشتہ محض بھروسے، عزت اور محبت کی بنیاد پر پروان چڑھا۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ اب ہم میاں بیوی نا ہونے کی حیثیت سے اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، لیکن بیٹے (آزاد راؤ خان) کے والدین کے طور پر ہم فیملی ہیں، ہم کافی عرصہ پہلے سے اس علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب باقاعدگی سے علیحدگی ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ فاطمہ ثناء شیخ نے عامر خان کے ساتھ فلم دنگل اور ٹھگس آف ہندوستان میں کام کیا تھا۔