اٹھارویں ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کا مطلب وفاق پر حملہ ہو گا، زرداری

10:16 PM, 4 Jul, 2020

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کا مطلب وفاق پر حملہ ہوگا۔ پیپلزپارٹی کے اعلامیے کے مطابق کل پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث یوم سیاہ پر احتجاجی مظاہرے نہیں کیے جائیں گے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 18ویں  ترمیم سےچھیڑ چھاڑ کا مطلب وفاق پر حملہ ہوگا،پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے اور پارلیمنٹ کی تعظیم تمام اداروں کا آئینی فرض ہے۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آج بھی آئین، جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کے اصولوں پر قائم ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے 18 ویں ترمیم کو نظرثانی کے قابل اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کو ناقابل عمل قرار دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم میں جلدبازی میں کئی ایسی چیزیں ڈال دی گئی ہیں جنہیں ختم کرنا ہوگا، اختیارات صوبوں کو پہنچ گئے لیکن صوبوں نے اختیارات بلدیات کو نہیں دیے جب کہ وزیراعلیٰ کے پاس وہ اختیارات ہیں جو کسی آمر کے پاس بھی نہیں تھے۔

مزیدخبریں