اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی چیئرپرسن نوشین امجد کو عہدے سے ہٹا کر محمد جاوید غنی کو چیئرمین تعینات کر دیا۔وفاقی کابینہ نے پاکستان کسٹمز کے گریڈ22 کے ممبر کسٹمز پالیسی جاوید غنی کو تین ماہ کیلئے چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کی منظوری دی۔ محمد جاوید غنی ایف بی آر بورڈ کے ممبر کسٹم پالیسی تھے۔ وہ ریگولر چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے۔
نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر کے عہدے سے ہٹا کر سیکرٹری نیشنل ہیری ٹیج اینڈ کلچر ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔ نئے چئیرمین ایف بی آر کیلئے موجودہ ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن ڈاکٹر اشفاق احمد اور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ احمد مجتبٰی میمن کے نام زیر غور ہیں۔
خیال رہے کہ اپریل میں گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔ ان سے قبل شبر زیدی نے طبی بنیادوں پر عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی تھی۔
نوشین امجد کی تعیناتی کے وقت بھی نئے چیئرمین ایف بی آر کیلئے محمد جاوید غنی کا نام زیر غور آیا تھا۔