حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکولز کھول دیں گے، مراد راس

06:14 PM, 4 Jul, 2020

لاہور: پنجاب کے وزیر اسکولز ایجوکیشن مراد راس کا کہنا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھولے جا سکتے ہیں۔ مراد راس نے اپنے بیان میں کہا کہ 15 جولائی سے اسکولز کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے اور اگر حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھول دینگے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دم ساری کلاسز لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دیں گے۔ ایک کلاس میں 20 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔

غالب مارکیٹ لاہور کے نجی اسکول (ایل جی ایس) میں طالبات کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ معاملے پر متاثر طالبات سے پیر کو ملاقات کروں گا، امید ہے پیر کو طالبات کی جانب سے تحریری درخواستیں آجائیں گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسکولز کھولنے کا حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی سفارش پر وزیراعظم کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کرے گی۔

مزیدخبریں