اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی آج پوری دنیا اختیار کر رہی ہے، کورونا سے صحت یابی کی شرح تسلی بخش ہے۔
شبلی فراز نے اپنے بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 100 دن این سی او سی نے کورونا وبا سے متعلق دن رات کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے جس طرح صورتحال میں کام کیا وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ کروڑ خاندانوں میں کیش ریلیف کے تحت پیسے تقسیم کیے گئے ہیں۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق حالات قابو میں ہیں لیکن ابھی خطرہ ٹلا نہیں، اگر عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تو ہسپتالوں میں رش مزید کم ہوجائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ہسپتالوں میں تسلی بخش تعداد میں بیڈز میسر ہیں۔