اسلام آباد: ملک بھر میں آج سے مون سون ہواؤں کے شدت سے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون کی کم شدت کی ہوائیں جمعہ سے داخل ہونا تھیں تاہم آج سے ان ہواؤں کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔موسلادھار بارش سے ہفتہ اور اتوار کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں بھی اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔شدید بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور مری میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔کراچی، حیدر آباد، دادو سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی دو دن بعد تیز بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بھی تیز ہوائیں چلیں گی۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔ کراچی، عمرکوٹ، سانگڑ، میر پور خاص اور حیدر آباد میں اتوار کی رات سے منگل کے دوران موسلادھار بارش کی توقع ہے۔