اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے مسائل کا مکمل ادراک ہے ، کمزور طبقے کے تحفظ کے لیے پوری توجہ دی جائے گی ، ٹیکس نظام میں کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات لا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے الگ الگ ملاقاتیں کی ، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے مشکل فیصلے کر رہے ہیں ,عوام سے تھوڑا وقت درکار ہے ، کچھ عرصے بعد ان فیصلوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہوں گے .
وزیراعظم نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ کاروباری برادری کے مسائل پر توجہ دینے کے ساتھ ان کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے ۔