ٹیگوسی گالپا:لاطینی امریکی ملک ہنڈراس کے ساحل کے قریب ماہی گیر کشتی ڈوبنے سے 27 افراد ہلاک اور 9 لاپتہ ہو گئے جبکہ 55 کو زندہ بچا لیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ہنڈراس کی مسلح افواج کے ترجمان جوسی میزا نے کہا ہے کہ ”ویلی“ نامی ماہی گیر کشتی جس میں 90 افردا سوار تھے شمال مشرقی جزیرے کایو گورڈا کے قریب ڈوب گیا۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نعشوں اور زندہ بچ جانے والے افراد کو ہوئیرٹو لیمپیرا لایا گیا ہے۔ ہنڈراس مرچنٹ میرین کے سربراہ جوآن کارلوس رویرا کا کہنا ہے کہ ماہی گیرکشتیوں کے لئے 3 سال تک اجازت نامہ معطل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ”ویلی“ جہاز کے ڈوبنے سے کچھ گھنٹے قبل ایک اور اوورلوڈڈ کشتی ”مس فرینسلے“ بھی اسی مقام پر حادثے کا شکار ہوئی جس میں 31 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی لیکن اس میں 49 افراد سورا تھے جنہیں بچا لیاگیا۔