40 سال سے برسر اقتدار رہنے والوں کا حساب پہلے ضروری ہے، چیئرمین نیب

12:52 PM, 4 Jul, 2019

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پروڈکشن آرڈر پر باہر آنیوالے کہتے ہیں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے اور نیب کسی قسم کے سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتا۔ سیاسی انتقام کا سوال کبھی پیدا ہوا نہ ہو گا۔ سیاسی انتقام ثابت کریں، کوئی سیاسی ملاقات ثابت کریں تو نیب چھوڑ دوں گا۔

ان کا یہ کہنا تھا کہ یہ نعرہ لگانا بہت آسان ہے کہ نیب انتقامی کارروائی کر رہا اور اخبار میں بہت بار پڑھا کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کر رہا ہے جبکہ پولیٹیکل انجینئرنگ کا تو مطلب ہی مجھےاب پتہ چلا ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا 35 اور 40 سال سے برسر اقتدار رہنے والوں کا حساب پہلے ضروری ہے اور مہینوں سے برسر اقتدار کا بھی احتساب ہو رہا ہے۔ تمام انکوائریوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور نیب کیلئے سب برابر ہیں چاہے وہ برسراقتدار ہیں یا نہیں۔

چیئرمین نیب نے بتایا ہم نے فیس نہیں کیس دیکھا ہے اور 80 یا 90 کی دہائی میں موٹر سائیکل والوں کے آج دبئی میں ٹاور ہیں کیونکہ کروڑوں اور اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے۔ چند لوگوں کو اکٹھا کر کے وی کا نشان بنانے سے کوئی معصوم نہیں ہو جاتا۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ ہمارا کام سزا دینا نہیں بلکہ شہادتیں عدالتوں کے سامنے رکھ دیتے ہیں۔ سزا دینا عدالتوں کا کام ہے ۔

مزیدخبریں