ممبئی:امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ملالہ یوسفزئی م کی زندگی پر بننے والی نئی فلم کا پوسٹر اور ٹیزر فلم کے پروڈیوسرز نے انسٹاگرام اور یوٹیوب پر ریلیز کردیا ہے۔
اس فلم کا نام گل مکئی ہے اور اس کے ہدایت کار امجد خان نے فلم کا ٹیزر اور پوسٹر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اپلوڈ کیا ہے۔
اس فلم میں ملالہ کا کردار انڈین ٹیلیوژن میں کام کرنے والی اداکارہ ریم شیخ ادا کررہی ہیں جبکہ ضیاالدین یوسف زئی کا کردار بالی وڈ اداکار اتل کلکرنی کے حصے میں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے:نہیں پتہ کہ فہد مصطفی مجھے باجی کیوں پکارتے ہیں،ماہرہ
فلم کے ٹیزر میں ملالہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایک کھلی کتاب لیے کھڑی ہیں اور پیچھے بالی وڈ اداکار کبیر بیدی کی آواز گونج رہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں , یہ اس وقت کی بات ہے جب طالبان افغانستان اور پاکستان کو جہاد کے نام پر تباہ کر رہے تھے۔ ایسے میں پاکستان کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ایک آواز اٹھی۔
بھارتی فلم ہدایت کار امجد خان نے اس فلم کو بنانے کا اعلان پانچ سال پہلے کیا تھا , امجد خان ایک نوجوان فلم ہدایت کار ہیں اور وہ اپنی پہلی فلم 'لے گیا صدام' کی وجہ سے فتوے کا سامنا کر چکے ہیں۔
20 سالہ ملالہ کو اکتوبر 2012 میں طالبان کے قاتلانہ حملے کے بعد علاج کے لیے انگلینڈ منتقل کیا گیا تھا اور وہ صحت یاب ہونے کے بعد حصولِ تعلیم کے لیے وہیں مقیم ہیں۔