میری کوپا کاؤنٹی: امریکی ریاست ایریزونا میں ایک 92 سالہ خاتون نے کیئر ہوم بھیجے جانے کے معاملے پر اپنے 72 سالہ بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ 2 جولائی کو میری کوپا کاؤنٹی کے علاقے فاؤنٹین ہلز میں پیش آیا جہاں 92 سالہ مسز اینا مے بلیسنگ کے بیٹے (جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی) نے انہیں ایک کیئر ہوم میں منتقل کرنے کی کوشش کی، جس کا موقف تھا کہ اس کا اب اپنی والدہ کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنا مشکل ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے لباس کی جیبوں میں 2 پستول چھپائے اور اپنے بیٹے کے بیڈروم میں جاپہنچیں، جہاں بحث کے بعد انہوں نے 1970 میں خریدا گیا ریوالر جیب سے باہر نکالا اور اپنے بیٹے پر فائر کردیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق خاتون نے فائرنگ سے قبل اپنے بیٹے سے کہا، 'تم نے میری زندگی لی، لہذا میں تمہاری زندگی لے رہی ہوں۔
یہ بھی پڑھیئے:چین نے اپنے شہریوں کو امریکا میں سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کر دی
بعدازاں انہوں نے اپنے بیٹے کی 57 سالہ دوست کو بھی پستول کے نشانے پر رکھ لیاتاہم اس نے انہیں دھکا دے کر پستول کو دور گرا دیا۔جس کے بعد خاتون نے اپنا دوسرا پستول نکالا، تاہم ان کے بیٹے کی دوست اس پستول کو بھی دور گرا کر کمرے سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئی اور پولیس کو فون کردیا۔
مقتول کی گردن اور جبڑے پر گولی کے 2 نشان پائے گئے۔دوسری جانب مسز بلیسنگ اپنے بیڈروم میں آرام کرسی پر بیٹھی ہوئی ملیں ،تفتیش کے دوران خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے خود کو بھی مارنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔