ریاض : سعودی عرب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنیوالا نوجوان حادثے میں جاں بحق ہو گیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جزان میں پیش آیاجہاں ایک نوجوان ڈاکٹر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول کرنے جارہا تھا کہ راستے میں جان لیوا حادثے کا شکار ہوگیا۔
عبدالرحمان مکین نامی نوجوان نے حال ہی میں یونیورسٹی آف جزان سے اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور وہ ڈگری وصول کرنے کے لیے اپنی کار میں سفر کررہا تھا کہ اس دوران خوفناک حادثے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
ڈاکٹر عبدالرحمان کی موت پر یونیورسٹی انتظامیہ اور اساتذہ نے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔