راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنوں عاقل چھاؤنی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں آپریشنل تیاریوں اور داخلی سیکیورٹی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں اور افسران سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے داخلی سیکیورٹی کیلئے فوج کے کردار اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے حالیہ چھٹی مردم وخانہ شماری اور دیگر داخلی سیکیورٹی فرائض میں فوج کی کارکردگی کو سراہا ۔آرمی چیف نے کہا کہ فوج پاکستان اور اس کے عوام کی خوشحالی کیلئے تمام ریاستی اداروں کی اپنی بے لوث جذبے اور عزم کے ساتھ مدد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ملک آتا ہے اور اس کے بعد ذات ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششوں میں کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب ہمیں تمام منفی محرکات کو زائل کرنے کیلئے ریاست کو مزید مضبوط کرنے کی خاطر ان کامیابیوں کو برقرار اور مضبوط کرنا ہوگا ۔ اس سے قبل پنوں عاقل پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزااور جی او سی پنوں عاقل نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں