انٹرمیڈیٹ 2024 کے نتائج پر طلبہ کے تحفظات کے بعد انکوائری کمیٹی کا قیام

انٹرمیڈیٹ 2024 کے نتائج پر طلبہ کے تحفظات کے بعد انکوائری کمیٹی کا قیام

کراچی: چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات 2024 کے نتائج پر طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کے پیش نظر فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

سید شرف علی شاہ نے 3 جنوری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا اور اس موقع پر سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ محمد عباس بلوچ سے ملاقات کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کا مقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور امتحانی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

کمیٹی ایک ماہ کے اندر اس معاملے کی انکوائری مکمل کر کے طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی نے کہا کہ طلبہ کی شکایات کا تدارک ہماری ترجیح ہے اور کمیٹی امتحانی عمل کو مزید شفاف اور معیاری بنانے کے لیے مکمل غیرجانب داری سے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی پرچوں کی جانچ اور نتائج کی تیاری کے عمل میں تمام پہلوؤں کا مکمل جائزہ لے گی۔

سید شرف علی شاہ نے طلبہ اور ان کے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویز براہ راست انٹربورڈ میں جمع کروائیں تاکہ کمیٹی ان کا بھی جائزہ لے سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو طلبہ اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں، وہ اسکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس کے بینک بوتھ میں جمع کروا دیں۔