کرم امن معاہدہ، ملک دشمن سازشیں ناکام بنائیں گے: محسن نقوی

08:05 PM, 4 Jan, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کرم امن معاہدے کے مثبت اور دور رس نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان سے ملاقات کے دوران کیا، جہاں خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ ملاقات میں علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے فوری اقدامات پر غور کیا گیا اور خوارجیوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر فائرنگ جیسے واقعات کو امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، لیکن ان کی تمام سازشیں ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کر کے بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے پشاور ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پر عملدرآمد سے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن یقینی بنایا جائے گا۔

ایمل ولی خان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں