کرم فائرنگ:امن دشمنوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے! صدر و وزیراعظم کا عزم

02:10 PM, 4 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کرم کے علاقے بگان میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے، اور کہا ہے کہ امن دشمنوں کو ان کے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر عوام ان کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس فائرنگ کی مذمت کی اور کہا کہ یہ حملہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف متحرک ہیں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزیدخبریں