لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کے لیے علم اور شعور کی روشنی فراہم کرنے کا ایک اہم اور مؤثر ذریعہ ہے۔
ورلڈ بریل ڈے کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کے لیے اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بریل پریس کام کر رہے ہیں، جن کی اپ گریڈیشن سے خصوصی افراد کو عالمی معیار کا تعلیمی مواد فراہم کرنا ممکن ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور اور بہاولپور میں قائم بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبے بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس سال 3 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کو انرول کیا گیا اور 15 ہزار سے زائد بریل بکس بصارت سے محروم طلبہ تک پہنچائی جا چکی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خصوصی طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے لیے وسائل کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم کے اداروں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ان کی سہولتوں کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، خصوصی افراد کے معاشی مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور سماعت سے محروم بچوں کے لیے معاون آلات بھی دیے جا رہے ہیں تاکہ وہ سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں فعال حصہ لے سکیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کا پہلا آٹزم سکول جلد مکمل ہو جائے گا، جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، جو ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے۔