سال 2024 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں

01:11 PM, 4 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: رواں سال 2024ء میں نئے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے میدانِ عمل میں اتر گئے۔ماہرہ خان، مایا علی، فریال محمود، یمنیٰ زیدی، فواد خان، گوہر رشید کی فلمیں 2024 ریلیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

سال 2024 سال کا آغاز پروڈیوسرعابد مرچنٹ کی فلم 'وکھری' سے کیا جائے گا۔ وکھری  5جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ پاکستان کی آنے والی فلم میں ارم پروین بلال کی ہدایت کاری میں معروف اداکاروں فریال محمود، گلشن مجید، سلیم معراج، سہیل سمیر، اور شیس سجاد گل سمیت ستاروں سے بھرپور کاسٹ کے ساتھ ساتھ  علی سیٹھی، میشا شفیع، ایوا بی، نتاشا نورانی اور دیگر کے میوزیکل کنٹری بیوشن بھی شامل ہیں۔ پاکستان کی سوشل میڈیا سنسیشن قندیل بلوچ کی زندگی پر مبنی اس فلم نے حال ہی میں جدہ میں ریڈ سی فلم فیسٹ میں اپنے دنیا بھر میں پریمیئر کے ساتھ ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔

رواں سال شہزاد رائے کی پروڈیوس کردہ فلم 'الف نون' بھی ریلیز ہوگی۔  شہزاد رائے کی فلم'الف نون' کے ڈائریکٹر فیصل قریشی ہیں، جو گزشتہ برس'منی بیک گارنٹی' کی ڈائریکشن بھی کرچکے ہیں۔ شہزاد رائے سے قبل گلوکار سجاد علی، ارشد محمود، علی حیدر، محمد علی شہکی، عاطف اسلم، جواد احمد، عارف لوہار اور علی ظفر بھی فلموں میں بطور ہیرو کام کرچکے ہیں لیکن شہزاد رائے جو کام کرتے ہیں، وہ دوسرے سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ 

2024ء میں کرکٹ موضوع پردو فلمیں ریلیز ہوں گی، ان میں کرکٹر شعیب اختر کی زندگی پر مبنی فلم 'راولپنڈی ایکسپریس' اور 'نایاب' شامل ہیں۔  'راولپنڈی ایکسپریس ' میں مرکزی کردار باصلاحیت فنکار گوہر رشید ادا کریں گے جبکہ 'نایاب' میں خاتون کرکٹر یمنیٰ زیدی پہلی بار بڑےپردے پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ 

 ٹی وی اور فلموں کی مقبول جوڑی فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم 'نیلو فر'بھی رواں برس ریلیز ہوگی۔ اس فلم کے پروڈیوسر بھی فواد خان ہیں، جو فلم میں پروفیسر بنے ہیں، جبکہ ماہرہ خان کی شادی کے بعد یہ پہلی فلم ہوگی،اس فلم میں انہوں نے اندھی لڑکی کا کردارنبھایا ہے۔

  ایک رپورٹ کے مطابق 2024ء میں ماہرہ خان، فواد خان، مہوش حیات، سجل علی، فریال محمود، یمنیٰ زیدی، مایا علی، صنم سعید اور گوہر رشید کی فلمیں سینما گھروں کی رونقیں بحال کرنے میں نمایاں کردار ادا کریں گی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاراور سماجی کارکن شہزاد رائے،مہوش حیات اور سجل کے ساتھ سینما اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

مزیدخبریں