سڈنی: آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سڈنی میں جاری تیسرااور آخری ٹیسٹ میچ دوسرے دن کے دوسرے سیشن میں بارش کے باعث روک دیا گیا ۔ آسٹریلیا کے 116 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں، آسٹریلیا کو پاکستان کے 313 رنز برابر کرنے کے لیے 197 رنز درکار ہیں۔
آج دوسرے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 34 رنز پر آغا سلمان نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 108 رنز پر گری جب عثمان خواجہ کو 47 رنز پر عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 77.1 اوورز میں 313 رنز بنائے۔ عامر جمال، رضوان اور آغا سلمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مشکلات میں گھری قومی ٹیم کا اسکور 313 رنز تک پہنچایا تھا۔ عامر جمال نے82، محمد رضوان نے 88 جبکہ آغا سلمان نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صرف ایک اوور کا کھیل ہوسکا، جس میں آسٹریلیا نے 6 رنز بنائے۔ کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان خواجہ تھے، وہ 43.3 اوورز میں 108 کے مجموعی اسکور پر 143 گیندوں پر 47 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔
تاہم، اس وقت کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا ہے جبکہ آج کے کھیل کے 47 اوورز مکمل ہوچکے ہیں۔