لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس کل ہو گا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کریں گے جبکہ اجلاس میں لیگ کے شیڈول پر بات چیت کی جائے گی۔
مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کا یہ پہلا اجلاس ہو گا جس میں پاکستان ویمن لیگ سے متعلق بات چیت کے علاوہ پی ایس ایل کے فنانشل ماڈل پر بھی تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے میچز کا آغاز 13 فروری سے ہو گا جبکہ پلے آف میچز اور فائنل میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کوئٹہ میں پی ایس ایل کے میچز کرانے کی خواہشمند ہے لہٰذا اجلاس میں اس حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔