اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی ہی پارٹی کے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کے نشتر چلا دیئے ، کہتے ہیں میرے خلاف ٹی وی پر کمپین چلائی گئی اور میری پالیسوں کو غلط کہا گیا ۔
اپنے بیان میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت مارکیٹ طے کرتی ہے ۔ اسحاق ڈار صاحب کہتے تھے کہ ڈالر کو 180 روپے سے 160 روپے پر لے آؤں گا ۔ اسحاق ڈار سمجھتے ہیں کہ ن لیگ کے وزیر خزانہ وہ ہی ہیں مجھے جس طرح دورے سے بلا کر نکالا گیا وہ صحیح نہیں تھا ۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائٹ پیپر کو گمراہ کن اور حقائق کے برعکس قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو گا اور نہ سیاسی مخالفین کا پروپیگنڈا زیادہ دیر تک چلے گا ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ وہی جماعت ہے جس نے اپنے دور حکومت میں تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا ۔ وینٹی لیٹر پر معیشت لانے والوں کو اپنے بیانات سے معیشت کو مزید نقصان پہنچانے کا کوئی حق نہیں ۔