لاہور: وفاقی وزیر خارجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی ائیرپورٹ کی نجکاری نہیں ہو رہی اور تین ائیرپورٹس کی صرف آپریشنل مدت آؤٹ سورس کی جا رہی ہے جبکہ روٹ ویلٹ ہوٹل کسی صورت فروخت نہیں ہو گا، عمران خان خود بھی کام کریں اور ہمیں بھی کام کرنے دیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایئر پورٹ کی نجکاری نہیں ہورہی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غلط خبروں پر مبنی پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ پہلے غلط معلومات پھیلائی گئیں کہ روز ویلٹ ہوٹل بیچا جا رہا ہے اور پھر چند روز بعد تین ائیرپورٹس کی نجکاری سے متعلق غلط خبر چلا دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تین ائیرپورٹس کی آپریشنل مدت کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے اور ہمارے ائیرپورٹس انشاءاللہ ہمارے پاس ہی رہیں گے کیونکہ آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنا نجکاری نہیں ہے بلکہ پوری دنیا میں ائیرپورٹس کو آؤٹ سورس کیا جاتا ہے، ہم غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمات قائم کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اور ان کے لوگ کس الیکشن کی بات کر رہے ہیں؟ عمران خان خودبھی کام کریں اورہمیں بھی کام کرنے دیں، کون سی چیز ہے جو عمران خان کو چند ماہ انتظار نہیں کرنے دیتی، عمران خان اور ان کے لوگوں نے ملک کو عذاب میں ڈالا ہوا ہے، عمران خان نہ خود کام کرتے ہیں اور نہ دوسروں کو کرنے دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس 4 حکومتیں ہیں پھر بھی کہتے ہیں کہ اپوزیشن میں ہوں، عمران خان کو دعا کرنی چاہیے کہ انتخابات وقت پر ہو جائیں، وفاقی حکومت کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ،معاملات ٹھیک ہیں اور اتحادی حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ توانائی کی بچت کیلئے دکانیں رات کو ساڑھے 8بجے بند کردی جائیں، تونائی بحران سے بچنے کیلئے صرف اپنی عادتیں بدلنے کی ضرورت ہے، صبح جلدی اٹھنے کی کوشش کریں تو بہت کچھ ہو سکتا ہے۔
تین ائیرپورٹس کی نجکاری نہیں بلکہ آپریشنل مدت آؤٹ سورس ہو رہی ہے: خواجہ سعد رفیق
05:54 PM, 4 Jan, 2023