اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، ترقی یافتہ ملکوں نے برآمدات کو ترقی دے کر معیشت کو مضبوط کیا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013ءمیں ہمیں بہت سارے چیلنجز کاسامنا تھا، لوڈشیڈنگ بہت زیادہ تھی لیکن مسلم لیگ (ن) نے اس کا خاتمہ کیا اور اپنے دور حکومت میں 14ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی صورت میں ملکی ترقی کا گیم چینجر منصوبہ شروع کیا اور گزشتہ دور میں معاشی ترقی کی شرح 6 فیصد سے زیادہ تھی مگر پی ٹی آئی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کو متنازعہ بنایا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ملکوں نے برآمدات کو ترقی دے کر معیشت کو مضبوط کیا، معاشی ترقی کیلئے اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔