ویرنون فلینڈر پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقل باؤلنگ کوچ بننے کے خواہشمند 

09:02 PM, 4 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر ویرنون فلینڈر ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیساتھ معاہدہ کرنے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقل باؤلنگ کوچ بننے کے خواہشمند ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق 36 سالہ ویرنون فلینڈر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کئی بار پی سی بی کے ساتھ بات چیت کر چکے ہیں اور معاملات درست سمت میں گامزن ہیں۔ جنوبی افریقہ خبر رساں ادارے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ان دنوں پی سی بی کیساتھ باؤلنگ کنسلٹنسی کے حصول علاوہ کئی چیزوں پر کام کر رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ان کی مینجمنٹ پی سی بی کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنے پر کام کر رہی ہے جو دونوں فریقین کیلئے قابل قبول ہو۔ پی سی بی نے ویرنون فلینڈر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم کا باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا اور کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد یہ ان کا کوچنگ کے حوالے سے پہلا تجربہ تھا۔ 
اگرچہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر ان کا معاہدہ نومبر 2021ءتک تھا مگر کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے باعث سفری پابندیوں کے خدشات کے پیش نظر انہیں پہلے ہی عہدے سے دستبردار ہونا پڑا تھا اور وہ جنوبی افریقہ روانہ ہو گئے تھے۔ 

مزیدخبریں