اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور اوورسیز ووٹنگ پر برازیل کے تجربات سے مستفید ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ای وی ایم اور اوورسیز ووٹنگ کے معاملے پر برازیل کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کیلئے ای سی پی وفد نے برازیلین سفیر سے ملاقات کی جس دوران ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن نئی ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے مسلسل کاوشیں کررہا ہے، جس کیلئے ماہرین کی سطح پر رابطے، تربیت اور استعداد کار بڑھانے پر بھی برازیلین سفیر سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران برازیلین سفیر کا کہنا تھا کہ برازیل میں بتدریج ای وی ایم ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا لیکن اس مشین کو استعمال کے قابل بنانے کیلئے 30 سال لگے، اس معاملے میں پاکستان کیساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
برازیل کے سفیر نے انتخابی اور آبادیاتی صورتحال کے اعتبار سے پاکستان اور برازیل کے حالات کو یکساں قرار دیا دیتے ہوئے بتایا کہ برازیل میں 70 سال کی عمر تک ووٹ ڈالنا لازم ہے بصورت دیگر ووٹ کا استعمال نہ کرنے پر جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔