اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کی برطانیہ حوالگی کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت 7نکاتی ایجنڈے پر غورکیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملزم عبدالقادر احسان کی یوکے حوالگی کی سمری پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم کی برطانیہ حوالگی کی سمری بھیجی گئی تھی۔
کابینہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جنس اینڈسکیورٹی اسٹڈیز کے قیام کی سمری مؤخر کر دی جب کہ چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی2سال کیلئےتقرری کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے نوٹیفکیشن کی منظوری اور پاکستان ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری کی منظوری دی۔
سی پیک اتھارٹی ،چینی وزارت ماحولیات میں مفاہمتی یاداشت کی ایکس پوسٹ فیکٹو، رواں مالی سال کے 6ماہ میں اضافی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جاری کرنےکی منظوری۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو کارکردگی سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا وزارت خارجہ طرز پر سالانہ کارکردگی عوام کےسامنے رکھیں۔.
وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں ہدایت دی کہ پاکستان میں تعینات سفیر پیشگی اطلاع کے بغیر کسی وزیر سے ملاقات نہیں کرے گا جبکہ وزارت خارجہ کی کلیئرنس کے بعد سفرا، دیگر وزرا سے ملاقات کر سکیں گے جبکہ ایسی ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے نمائندہ بھی شریک ہو گا۔