وزیراعظم نے ترجمانوں کو اپوزیشن کے کرپشن کیسز اجاگر کرنے کا ٹاسک دیدیا

05:10 PM, 4 Jan, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم نے پی ڈی ایم کو ہر فورم پر جواب دینے کے لئے حکومتی ترجمانوں کو اپوزیشن رہنماوں کے کرپشن کیسز کو بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو معاشی کامیابیاں اجاگر کرنے کی بھی ہدایت دی اور نئے سال میں کارکردگی مزید بہتر کرنے اور ڈیلیوری پر توجہ دینے کا بھی کہا۔ اجلاس میں عالمی وبا کے خطرات جبکہ اس کے تدارک اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی اور سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کو بھر پور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کوئی بھی معاشرہ احتساب کے بغیر کسی طرح آگے نہیں بڑھ سکتا اور کرپٹ افراد کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا کیونکہ حکومت ملک کی ترقی کے لئے مثبت اقدام کر رہی ہے لیکن پی ڈی ایم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اس میں کسی صورت میں بھی کامیاب نہیں ہو گی۔ ان کی پوری تحریک این آر او کے لئے ہے جو انہیں تحریک انصاف کی حکومت ہوتے ہوئے کبھی نہیں ملے گا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو عوام کے سامنے حکومت کی معاشی کامیابیاں اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کمزور معیشت کو درست ٹریک پر لگا دیا اور معاشی اشاریے درست سمت میں ہیں۔ 

اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے 2019 اور 2020 میں 389 ارب روپے کی ریکوری کی ہے جبکہ 2018 سے 2018 تک صرف 104 ارب روپے ریکور کیے گئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے 27 ماہ کے دوران 2016 ارب روپے ریکور کئے تاہم کرپٹ حکمرانوں نے 10 سالہ دور میں صرف تین ارب  روپے ریکور کیے۔ 

مزیدخبریں