اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یکم فروری 2021ء سے ملک بھر میں جامعات کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔
بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم فروری سے ملک بھر کی تمام جامعات کھول دی جائیں گی جبکہ 18 جنوری سے نویں اور بارہویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کے کیسوں میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بند کرنے فیصلہ صادر کیا تھا۔ اس سلسلے میں گزشتہ سال 26 نومبر سے مکمل بندش کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو 11 جنوری 2021ء تک کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں آج دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ایجوکیشن سرگرمیوں کے آغاز کیلئے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارشات کو مدنظر رکھا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے، پہلی سے آٹھویں کلاس تک تعلیمی ادارے 25 جنوری سے جبکہ یکم فروری سے یونیورسٹیز کھول دی جائیں گی۔