کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم، نیوزی لینڈ نے 286 رنز بنا لئے

11:01 AM, 4 Jan, 2021

کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا لئے ہیں۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 11 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ کیوی کپتان کین ولیمسن 112 اور ہینری نکولس 89 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو کل دوبارہ کھیل کا آغاز کریں گے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں اوپنر ٹام لیتھم نے 33 جبکہ ٹام بلنڈل نے 16 رنز بنائے جبکہ روز ٹیلر صرف 12 رن بنا کر واپس پویلین لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، محمد عباس اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے۔ قومی ٹیم کے کھیل کی خاص بات اظہر علی کی بیٹنگ تھی جنہوں نے 172 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان محمد رضوان کی اننگز بھی دیکھنے کے قابل تھی۔ انہوں نے 71 گیندوں کا سامنا کرت ہوئے 11 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں نمایاں فہیم اشرف نے بھی اچھے بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کرکٹ اور تجزیہ کاروں سے خوب داد سمیٹی۔ انہوں نے 88 گیندوں کا سامنا کیا اور 8 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود صفر، عابد علی 25، حارث سہیل 1، فواد عالم 2 ، ظفر گوہر 34، شاہین شاہ آفریدی 4 بنا سکے جبکہ محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائیل جیمی سن نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئی تھیں۔ میٹ ہنری نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا تھا۔

مزیدخبریں