وہاڑی: سبق یاد نہ کرنے کی سزا، قاری نے بہیمانہ تشدد سے 8 سالہ بچہ مار دیا

10:14 AM, 4 Jan, 2021

وہاڑی: میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب کے علاقے وہاڑی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مدرسے کے معلم نے صرف سبق یاد نہ کرنے پر 8 سالہ بچے پر اس قدر بہیمانہ تشدد کیا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ مقتول بچے کا نام مبشر بتایا جا رہا ہے۔

مرحوم بچے کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے بتایا جا رہا ہے جس کے والدین وہاڑی کے نواحی گاؤں کے رہائشی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے بچے کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم قاری اکثر بچوں پر تشدد کرتا تھا۔ تقریباً 10 روز قبل بھی اس نے بچے پر تشدد کیا تھا۔

والد نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے بعد میں نے خود ملزم قاری سے ملاقات کی اور اسے اپنا موبائل نمبر دے کر درخواست کی کہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو بچوں پر تشدد کی بجائے برائے مہربانی مجھے فون کرکے مگر ایسا نہ ہوا اور اس نے دوبارہ تشدد کرکے میرے بیٹے کو مار دیا۔ ادھر پولیس نے قاری کو گرفتار کرکے تھانے بند کر دیا ہے تاہم مقدمے کے اندراج کیلئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

مقتول بچے کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ قاری نے اسے اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا اور زمین پر پٹخا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گیا۔ واقعے کے بعد مدرسے کے دیگر طلبہ نے بچے کو چارپائی پر ڈال کر گھر پہنچایا۔

قاری کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین نے صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر داخلہ اور آئی جی پنجاب سے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی دہائی دی ہے۔

مزیدخبریں