اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ناپاک کوشش کیلئے بیرون ملک فنڈنگ کی گئی ہے اور پاک فوج کے بارے میں دیئے جانے والے بیانات سازش کا حصہ ہیں۔
نجی ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر رحمان ملک کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بیرونی فنڈنگ دونوں ہمسایہ ممالک افغانستان اور ہندوستان کی جانب سے کی گئی اور اس کا مقصد پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔
سینیٹر رحمان ملک نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس بیرونی فنڈنگ کے ذریعے پاکستان میں سیاسی دھڑے بندیوں کی مذموم کوشش کی جائے گی، اس کیلئے کروڑوں ڈالرز بطور فنڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ملک میں نسلی فسادات کرانے کی سازشیں شروع کی جا رہی ہیں۔
رحمان ملک نے اپنے بیان میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھاری غیر ملکی فنڈنگ مختلف ذرائع سے پاکستان پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے بھائیوں کی شہادت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے پاک فوج کیخلاف بیان بازی پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات ٹھیک نہیں ہیں، فوج کو بیانات اور تقریروں کے ذریعے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سازش کی جا رہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے حکم دیتا ہوں کہ پاکستان کے مخالف مواد کو سوشل میڈیا سے فوری طور پر ہٹا کر اس پر بندش عائد کی جائے۔ انہوں نے وزیراعظم سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں