نیو یارک: عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں قتل کے بعد خطے میں کشیدگی کی صورتحال ہے اور جنگ کے خدشات کے پیشر نظر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں جاں بحق ہوئے جس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی سے نہ صرف عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا بلکہ ایشیا میں اسٹاک مارکیٹ میں بھی ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لندن میں خام تیل کی قیمت 2 اعشاریہ 14 ڈالرز اضافے کے بعد 68.39 ڈالرز فی بیرل ہو گئی ہے۔
نیو یارک مرسنٹائیل ایکسچینج میں الیکٹرانک ٹریڈنگ میں بینچ مارک یو ایس کروڈ 1 اعشاریہ 87 ڈالر اضافے کے ساتھ 63.05 ڈالر فی بیرل ہو گیا جو کُل 12 سینٹس کمی کے ساتھ 61.18 ڈالر پر بند ہوا۔
دریں اثناء یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبیو ٹی آئی) میں خام تیل 1 اعشاریہ 68 ڈالر یا 2 اعشاریہ 8 فیصد اضافے کے ساتھ 62.86 ڈالر فی بیرل تک ہو گیا جو یکم مئی کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔