وزیر اعظم عمران خان نے انقرہ میں مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پرحاضری دی

04:59 PM, 4 Jan, 2019

انقرہ :عمران خان نے انقرہ میں جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پرحاضری دی اور گلدستہ رکھا،وزیراعظم نے اس موقع پرگولڈن بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

تفصیلات کے مطابق ،وزیر اعظم عمران خان نے انقرہ میں جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پرحاضری دی، وزیراعظم نے اپنے تاثرات میں لکھا کہ کہ 20 ویں صدی کے عظیم مدبر اوردوراندیش رہنماوں میں شمارہونے والے غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی مزارپر حاضری اورانہیں خراج تحسین پیش کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

وزیراعظم نے اپنے تاثرات میں لکھا کہ غازی مصطفیٰ کمال اتاترک نے مشکلات سے بھرپوروقت میں ترک قوم کی قیادت کی، انہوں نے ترکی کی قوم بلکہ درحقیقت عالمی تاریخ کا دھارا تبدیل کیا اوروہ دنیا بھر میں استعماریت کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کیلئے مشعل راہ بن گئے۔ وہ جرات، عزم، استقلال ، صبروتحمل اوردانش کا مینارہ نور تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کو عظیم شخصیات میں سے ایک قرار دیا تھا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اورعوام کی طرف سے غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کیلئے گہری عقیدت اوراحترام کا اظہارکیا اورکہاکہ ترک قوم کی آزادی اوراتحاد کیلئے غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی شاندار جدوجہد اور قیادت تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔

مزیدخبریں