ڈالر مہنگا، روپیہ سستا، سرکاری حج اخراجات 4 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ

10:29 AM, 4 Jan, 2019

اسلام آباد: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے سے رواں سال حج اخراجات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے حج اخراجات 4 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ حج 2019ء، کے لئے وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019ء کے اہم نکات تیار کر لئے ہیں۔ حج پالیسی کے اہم نکات  آنے والے کابینہ اجلاس میں پیش کئے جائیں گے اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری وفاقی کابینہ کو حج پالیسی پر بریفنگ دیں گے۔

حج پالیسی کے نکات 10 جنوری کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں پیش کئے جائیں گے اور وفاقی کابینہ سے منظوری کے فورا بعد حج پالیسی ڈرافٹ پر میڈیا بریفنگ کے ذریعے اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حج پالیسی کا اعلان جنوری کے وسط میں ہونے کا قوی امکان ہے۔ امسال سرکاری حج روپیہ کی قیمت میں کمی اور ڈالر میں اضافے کی وجہ سے مہنگا بھی ہونے کا امکان ہے۔

حج 2019ء کا سرکاری پیکج ساڑھے تین سے چار لاکھ تک ہونے کا امکان ہے اور 35 ہزار پاکستانی عازمین روڈ ٹو مکہ میں شامل کئے جائینگے جو جدہ سے مکہ المکرمہ روانہ ہونگے۔ نجی طور پر مقابلے کی غرض سے نئے حج ٹورز آپریٹرز بھی شامل کئے جانے کی تجاویز حج پالیسی کا حصہ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے منظوری دی تو نئے ٹورز آپریٹرز کو حج آپریشن میں شامل کیا جائے گا۔ حج فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے سمیت اوپن سکائی پالیسی کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔

مزیدخبریں